انسانیت سے ہمدردی، سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں (قسط:۱)

تحریر: شگوفہ نورانی

قسط:۱

سیرت النبی ﷺ

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم ( لقد کان لکم في رسول الله أسوة حسنة)

ظہور اسلام سےقبل اہلِ عرب بہت سی تہذیبی، اخلاقی اور معاشرتی بُرائیوں کا شکارتھے۔ شرک میں گھِرے معاشرے نے ان کےقلب واذہان کو اپنی قوی گرفت میں لے رکھا تھا۔ دینِ ابراہیمی کا اصل چہرا مسخ ہوچکا تھا۔ ایسے بدترین ماحول اور مایوس کن حالات میں حضور رسالت مآب ﷺ نبی بن کر تشریف لائے  اور انہوں نے وہ عظیم الشان اور ہمہ گیر انقلاب برپا کیا جو شبِ تاریک میں روشنی کا عندلیب ثابت ہوا،جس نے بھولے بھٹکوں کی درست سمت رہنمائی کی۔ حضور رسالت مآب ﷺ نے اس انقلاب کی بنیاد رنگ و نسل اور طبقاتی نظام سے بلا امتیاز انسانی ہمدردی، سماجی بہبود اور خدمتِ خلق جیسے پاکیزہ اُصولوں پر استوار کی۔ آپ ﷺ نے فرد کے جان، مال، عزت و آبرو کو نہ صرف تحفظ عطا کیا بلکہ امن و آشتی سے تمدنی زندگی گزارنے کے رہنما اصول بھی وضع فرمائے۔ آپ ﷺ نے ایسا جامع اور کامل ترین نظام عطا کیا جس میں ہر شخص کے حقوق و فرائض کو متعین فرمایا۔ جسکا عملی نمونہ اسوہ رسول ﷺ میں بخوبی دیکھا جا سکتا ہے (لقد کان لکم في رسول الله اسوۃ حسنة)۔

جب ہم رفاہی اور انسانی ہمدردی سےمتعلق کاموں کا جامع تصوّر اور وسیع دائرہ سامنے رکھ کر نبی کریم ﷺ کی ذات گرامی اور رفاہی کاموں کا مطالعہ کرتے ہیں تو یہ بات آشکارا ہوتی ہے کہ آپ ﷺ کی رحمتِ عمیمہ اور وسیعہ سے نہ صرف انسان مستفید اور بہرہ ور ہوئے بلکہ تمام حیوانات ،نباتات اور جمادات تک نے رحمت کا حصہ پایا۔ حضور رسالت مآب ﷺ نے رفاہِ عامّہ کے کاموں کی منظم اور مربوط بنیاد رکھی اس کے مقاصد واضح کیے اس کے لیے قانون سازی کی اور اس کا عملاً نفاذ فرمایا اور عملی نمونہ پیش کیا۔ آج اُمتِ مسلمہ ہی نہیں بلکہ انسانیت میں خدمتِ خلق آپ ﷺ کی جامع تعلیمات کا پیش خیمہ ہے۔ یہ بات ناقابلِ تردید ہے کہ دُنیا میں سب سے پہلی فلاحی ریاست کا تصور بھی رسالت مآب ﷺ کی ذاتِ گرامی سے شروع ہوتا ہے ، آقا پاک ﷺ کی حیاتِ طیبہ و طاہرہ سے فلاحِ معاشرہ اور خدمتِ خلق کے تصورات اور ان پرعملی اقدامات ہمہ گیر ہیں۔ دور حاضر میں جنکا مطالعہ اور عملی نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے- شارع اسلام ﷺ نے خدمتِ خلق کو کس قدر اہم اور مقدس قرار دیا اس کا اندازہ حدیث مبارکہ سے بخوبی لگا یا جاسکتا ہے:

" خیر الناس من ینفع الناس "وفي بعض الروایات "أنفعهم للناس"

" تم میں بہترین وہ ہے جس سے دوسرے انسان کو فائدہ پہنچے "

جاری ہے۔۔۔۔۔

قسط ۲

Post a Comment

Comment for more information please let me know and send an email on hajisyedahmed123@gmail.com Thanks

جدید تر اس سے پرانی