تبصرہ کتاب کہانیوں کا حملہ

کتاب:کہانیوں کا حملہ
مصنف: محمد فیصل علی
تبصرہ نگار: سیدہ حفظہ احمد
اشاعت: نومبر 2022
قیمت:500 روپے 
پبلشر: سرائے اردو پبلی کیشن، پاکستان
تبصرہ کتاب
کتاب کہانیوں کا حملہ بائیس کہانیوں پر مشتمل دلچسپ کہانیوں کا مجموعہ ہے۔
سرورق اور کتاب کا نام اس میں شامل ایک کہانی "کہانیوں کا حملہ" کے عنوان کے مطابق دیا گیا ہے۔ اس میں موجود کچھ کتابیں ہنستی مسکراتی اپنی جانب قاری کی توجہ کو مبذول کروانے میں دیر نہیں کرتی، یہ کتاب ویسے تو بچوں کے لیے تفریحی اور اصلاحی کہانیوں پر مبنی ہے لیکن اسے بڑے بھی پڑھ کر لطف اندوز ہوں گے۔ میں یہ نہیں کہتی کہ آپ اس کتاب کو ایک ہی نشست میں بیٹھ کر پڑھیں گے اور پڑھتے ہی چلے جائیں گے۔ مگر یہ یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ آپ اس کتاب کی جو کہانی بھی پڑھیں گے موقع بہ موقع آپ کو کوئی نہ کوئی کہانی ضرور یاد آئے گی، اس سے حاصل کیا ہوا سبق ضرور یاد آئے گا۔
"محبت کی خوشبو" میں ایک غیر مسلم بچے کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ جو اسکول اور اپنے کلاس فیلوز سے متنفر ہورہا تھا مگر پھر ایسا کیا ہوا جس کی وجہ سے وہ ہی کلاس فیلوز، استاذ اور اسکول سے اسے محبت کی خوشبو محسوس ہونے لگی؟ 
"ادیب کا قتل" میں ایک لکھاری کی داستان ہے، جو جماعت نہم کا طالب علم ہے۔ ظہیر احمد ایک میگزین میں کافی عرصے سے لکھ رہا تھا۔ اس کی کہانیاں میگزین میں بہت پسند کی جا رہی تھیں یہاں تک کہ میگزین کی سرکولیشن بھی بڑھ چکی تھی، جس کی وجہ سے میگزین کے ادارے نے ایک پارٹی بھی منعقد کی تھی۔ عین اسی وقت اسٹیج پر ظہیر احمد کی کہانی پر بنایا گیا ڈرامہ اول پوزیشن کا حق دار ٹھہرا تھا مگر ظہیر احمد اس وقت کہاں تھا اور اس کے ساتھ کیا ہوا تھا یہ ادیب کا قتل پڑھ کر آپ جان سکتے ہیں۔
"کہانیوں کا حملہ"(جس پر اس کتاب کا نام رکھا گیا ہے) میں عجیب سی، ڈراؤنی خوفناک اور بھیانک مخلوق نے طمانچے رسید کیے مگر پھر اسی مخلوق کو اس شخص نے گلے سے بھی لگالیا۔ ایسا کیا ہوا کہ وہ یہ سب کرنے پر مجبور ہوا؟
"توتائی عید' میں دو بچے بولنے والا توتا تلاش کررہے تھے۔ کہانی پڑھتے ہوئے شروع میں تخیل قائم ہوا کہ توتا شاید چوری کرلیا جائے گا اور پھر چوری کرنا بری بات ہے کہا جائے گا۔ مگر جیسے ہی کہانی اپنی بلندی پر پہنچی تو معلوم ہوا وہ بچے توتا خریدنا چاہتے ہیں اور بیانیہ بھی دے دیا تھا مگر پھر ایسا کیا ہوا کہ انہوں نے توتا لینے سے ہی انکار کردیا اور ان کا جنون اتر گیا۔ اس کہانی میں دیا ہوا سبق ضرور پڑھیں۔
"وہ ایک رات" میں ایک عظیم ہستی (جو اپنی تمام عمر صرف اولاد کی خاطر خوشیاں سامان کرتے کرتے تھکتا نہیں ہے) یعنی باپ بیٹے کی مثالی محبت دکھائی گئی ہے۔ کس طرح اور کیسے یہ کہانی پڑھنے کے بعد معلوم ہوگا۔
"چیخوں کا انتقام" ایک سائنس فکشن ہے، جس میں مصنوعی زلزلے سے ایک عمارت تباہ کی گئی، پھر اس کے بعد القدس کو تباہ کرنے کا سوچا گیا مگر اس سے قبل اس عمارت کو تباہ کرنے والے شخص کا انجام کیا ہوا اور وہ شخص خود کیسے مقام عبرت بنا؟
"جوہر خاص" میں ایک بچے کا حلیہ بظاہر اتنا خاص نہیں تھا خصوصا اس کے بالوں کی وجہ سے اسکول میں سب اس کا مزاق اڑاتے تھے پھر ایک دن اچانک ایسا واقعہ پیش آیا، جس کی وجہ سے سب بچوں نے عالیان کا مزاق اڑانا چھوڑ دیا اور عالیان بھی اپنے فن و ہنر کو پہچان گیا یعنی منزل کی جانب جانے والا راستہ۔
"نیم ادیب خطرہ ادب" میں باطن اور ظاہر کے تضاد اور منافقت سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے،
"مزاح نامہ" جو کہ نام سے لگ رہا ہے کہ اس میں مصنف نے مزاح نگاری کی ہے۔ واقعی یہ ایک بہترین کہانی ہے، پہلے پیراگراف میں ہی بتایا گیا ہے کہ جنگل کی سیر کو جانے کا پروگرام بنا تاکہ شکار کیا جاسکے۔ شاید ارتغرل دیکھ دیکھ کر دل کو ہول اٹھے ہوں اور یہ خواہش جاگ گئی ہو۔ بہرحال کرداروں کے نام اور ان کے عرف پڑھ کر ہی ہنسی بے قابو ہوگئی پھر کیا ہوا جنگل میں جاکر؟ پھر اس کہانی کو ضرور پڑھیے اور آپ بھی لطف اندوز ہوئیے۔
"خواب کا وعدہ" کہانی مزاح اور سنجیدہ دونوں ہی ہیں۔ یہ کہانی خصوصا ان بچوں اور بڑوں کے لیے بھی ہے، جو سبزیاں ناپسند کرتے ہیں۔ سبزیوں کی اہمیت کو اچھے اور دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
"الہ دین کا روبوٹ" میں ایک فلمی منظر آنکھوں کے سامنے اتر گیا۔ یہ ایک ایسی کہانی جس میں محنت میں عظمت ہے پر سبق دیا گیا ہے۔ نئے اور جدید انداز میں۔
"نیا سورج" میں ایک غریب بچے کی کہانی ہے، یہ ایسے واقعات پر مبنی ہے جو عام طور پر پیش آتے ہیں اس کو منفرد اور اچھوتے انداز سے لکھا گیا ہے۔
"ایثار" بھی ایک عام سا عنوان تو ہے اور اس میں استاد کی عظمت و احترام کا سبق بھی دیا گیا ہے۔ مگر اس میں موجود کہانی قاری کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے، یہ کہانی آنکھوں کو نم کر گئی۔
"جاسوس بلی" میں ایک بلی کے ذریعے کہانی کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے اور چور کو چوری کی سزا ملی، مسروقہ مال بھی دریافت ہوا۔ لیکن یہ سب کس طرح ممکن ہوا ذرا کتاب میں سے کہانی کو پڑھیے۔
"احساس نعمت" میں رب کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کی تلقین ہلکے پھلکے اور دلچسپ انداز میں کی گئی ہے۔
"جذبات کی جیت" ایک ایسی کہانی ہے جس میں یہ بات بتائی گئی ہے کہ جن لوگوں کو ہم نفرت اور حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان پر احسان کرکے ان پر حق جماتے ہیں ایک دن آتا ہے کہ ہمیں ان کی قدر معلوم ہوجاتی ہے۔
"لمحوں کا جرم" تو مجھے اپنی کہانی لگی اسے پڑھ کر ہنسی بھی آئی اور اسکول کی یاد بھی تازہ ہوئی، جب ساتویں جماعت میں ریاضی کی کلاس میں ٹیسٹ غلط آنے پر حشر ہوتا تھا، مگر اس طرح کبھی کسی نے مزاق نہیں اڑایا بس خود ہی شرم محسوس ہوتی تھی، پھر ایک وقت آیا اگلی کلاس میں یہ کمیاں دور ہوئیں اور اس مضمون پر گرفت حاصل کی۔ سچ تو یہ ہے کہ اب بھی اس مضمون سے چڑ ہے مجھے لیکن کہانی بہت مزے کی ہے۔
"کہانی رے کہانی" ایک مختلف کہانی ہے جسے بچے آپس میں اور بڑوں کے ساتھ مل کر اپنے اذہان کے تالے توڑ سکتے ہیں اور اس طرح بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ کہانی میں بھی مزید دو کہانیاں شامل ہیں اور تیسری کہانی خود یہ کہانی ہی ہے۔ بہت زبردست اور دلچسپ لگی۔
"فرسٹ ڈویژن کا راز" میں اپنی اصلاح خود کس طرح کریں؟ اس بات کی طرف ایک دلچسپ خواب کی صورت میں نشان دہی کی گئی ہے، اور پڑھائی میں آگے بڑھنے کے ہنر سے آگاہ کیا گیا ہے۔
"جنگل کا معرکہ" میں ایک اغوا کاروں کے گروہ کو شکست دی گئی ہے۔
"لاکٹ کی مہم" ایک پراسرار کہانی ہے لیکن اس میں ہمدردی نیکی خلوص سچائی اور اعلی خوبیاں اپنانے کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔
"مہربان" میں روحانی باپ یعنی استاذ کی شفقت و محبت کا رویہ دکھایا گیا ہے۔
یوں تو اس کتاب کی ہر کہانی اپنے آپ میں انفرادیت اور دلچسپی لیے ہوئے ہیں لیکن چند کہانیاں ایک جیسی بھی محسوس ہوئیں البتہ اس میں اسباق مختلف طرح سے دیے گئے ہیں۔ جیسے کچھ کہانیاں جنگل کی سیر پر مبنی ہیں یعنی پس منظر ایک جیسا لگا۔ مصنف کے پاس یہ ہنر موجود ہے کہ وہ قاری کو کہانی مکمل ہونے تک جوڑے رکھتا ہے اور مناظر قاری کے آنکھوں کے سامنے جھولنے لگتے ہیں۔ یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ مصنف کے پاس مشاہدہ، تجربات اور الفاظ کا مجموعہ بہت گہرا ہے۔ اس بات کا اندازہ آپ خود یہ کتاب پڑھ کر لگاسکتے ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالی اس کتاب کو شرف قبولیت بخشے اور قارئین کے دل و دماغ پر اس کے اثرات رچ بس جائیں۔ آمین
ختم شد
31_جنوری_2023
اگر آپ یہ کتاب حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس نمبر پر رابطہ کیجیے۔
محمد فیصل علی
+92 323 7308859

Post a Comment

Comment for more information please let me know and send an email on hajisyedahmed123@gmail.com Thanks

جدید تر اس سے پرانی