زنگی کا نچوڑ

  دسمبر کو لکھی گئی ایک تحریر، زندگی کا نچوڑ
 از قلم سیدہ حفظہ احمد

9-12-1997 سے 9-12-2023 تک کا سفر
زندگی کے چھبیس سال، ہاں چھبیس سال کہنے کو معمولی ہیں۔ لوگ تو ساٹھ ستر تک جیتے ہیں نہ جانے کیسے؟ پھر ان کے سامنے ہم کچھ بھی نہیں ہوتے واقعی ایسا ہی ہے۔ سمجھ نہیں آتا ان چھبیس سالوں کے لیے میں کیا لکھوں؟
زندگی بہت تیز چلی ہو جیسے
چھبیس سال بھی کوئی عمر ہوتی ہے نہ کوئی تجربہ نہ کچھ۔ ابھی دنیا دیکھی ہی کہاں ہے، دنیا کے رویے دیکھے اور سہے ہی کب ہیں دنیا کو پہچانا ہی کب ہے؟  دنیا کیسی ہے، اس کے لوگ کیسے ہیں گھر میں رہ کر کیا پتہ چلتا ہے؟ چار دیواری میں رہتے ہوئے بس سب کو خود اپنے جیسا ہی سمجھنا ہر ایک سے ویسا رویہ ہی رکھنا، ہر ایک کو اپنے ساتھ مخلص سمجھتے رہنا۔
لیکن کم عمری نے پھر بھی بہت کچھ سکھادیا اتنا کچھ سکھایا کہ زندگی زندگی نہ لگی بس مطلب پرست دنیا کے مطلب پرست لوگوں کی صورتیں وقتا فوقتا واضح ہوتی گئیں۔ زندگی نے اچھے لوگوں سے بھی نوازا جومطلب پرستی سے ہٹ کر مخلص ہوتے ہیں، پھر اس زندگی نے مجھے بہت جلد سکھادیا ماں باپ زندگی کے لیے کتنے اہم ہوتے ہیں ان کی کیا قدر و قیمت ہوتی ہے؟ اس کا اندازہ تب ہی ہوتا ہے جب آپ ان سے دور چلے جاتے ہیں یا پھر وہ آپ سے دور چلے جاتے ہیں۔ یہ ہی نہیں بلکہ والدین اولاد کے لیے محدود وسائل کے ہوتے ہوئے بھی کیا کچھ کرسکتے ہیں یہ سوچ کر کہ ہماری اولاد کو تکلیف نہ ہو۔
زندگی نے یہ بتایا کہ ہر شخص آپ کی سوچ کے مطابق اچھا یا برا نہیں ہوتا بلکہ وقت آنے پر پتہ چلتا ہے کہ کون واقعی اچھا ہے اور کس نے صرف لوگوں کے سامنے اچھا بننے کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔
زندگی نے یہ بھی سکھایا کہ ہر کوئی آپ کی قدر نہیں کرتا چاہے آپ کتنے ہی قابل کیوں نہ ہوں۔ زندگی کب کس سمت لے کر جاتی ہے یا کہاں کے کر جائے گی اس کا آپ کی سوچ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا لاکھ آپ اپنے مقاصد طے کرلیں مگر زندگی آپ کو اپنے رنگ میں خود ڈھال کر اپنے طور پر چلانے کی کوشش کرتی ہے اور چلاتی بھی ہے۔ آپ کتنا ہی اس سے نظر چرالیں لیکن آپ زندگی کے ساتھ اتفاق کرنے پر جلد یا بدیر مجبور ہوجاتے ہیں۔ زندگی نے یہ بھی سکھایا کہ کل کا انتظار مت کرو یہ مت سوچو آج اچھا نہیں ہے تو کل اچھا گزرے گا بلکہ جو آج کا وقت ہے وہ ہی اچھا وقت ہے اسی لیے اسے کھل کر جیو۔

9 دسمبر 2024

Post a Comment

Comment for more information please let me know and send an email on hajisyedahmed123@gmail.com Thanks

جدید تر اس سے پرانی