چٹ پٹا خط (خطوط نگاری)

خطوط نگاری (چٹ پٹا خط) 

خطوط نگاری


اسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

حیدرآباد سندھ

٥_مارچ_۲۰۲١

پیاری حنا باجی (معلمہ/ استاذہ/دوست):


میں خیریت سے ہوں، امید ہے آپ بھی خیرو عافیت سے ہوں گی، خوش حال زندگی بسر کررہی ہوں گی اور اللہ تعالی کی نعمتوں سے مستفید ہورہی ہوں گی۔ 


آپ کو میں نے ہُنْزٰی سے سلام کہلوایا تھا امید ہے آپ کو میری خبریں مل رہی ہوں گی۔

باجی جان! لاک ڈاؤن نے تو سب کی زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا تھا۔ آپ جانتی ہیں میں کتنی پڑھاکو ہوں... میری ایک دوست نے تو میرا نمبر بھی پڑھاکو کے نام سے ہی محفوظ کررکھا ہے۔ لاک ڈاؤن کیا آیا میرے اوپر کام کا پہاڑ ٹوٹ گیا۔ ارے کیا بتاؤں یونی والوں نے تو جینا حرام کردیا تھا اور تو اور گھر والے بھی تین ماہ کے لیے بوریا بستر لپیٹ کر کراچی روانہ ہوگئے تھے اور نخریلے بھائی کو میرے متھے مار گئے تھے۔

اللہ اللہ کرکے یہ وقت گزرا ہے، جب معلوم ہوا مدرسہ کھل چکا ہے تو میں نے آنے کا سوچا، مگر اب تک نہیں آسکی۔ شیطان بول رہا ہے گھر میں دیر تک سو سو کر مزے کر۔ ابھی تو ایم اے مکمل کیا ہے اب لمبی تان کر سویا کر۔ مگر میں اس کی سنتی نہیں، پانچ چھ آن لائن کورسز جوائن  کیے ہوئے ہیں، ساتھ ہی لکھنے کا کام بھی جاری و ساری ہے۔

اتنا وقت ہوگیا ہے کب سے سوچ رہی ہوں آپ سے مسج یا کال پر بات کروں۔ یونیورسٹی کی بدولت ایس ایم ایس پکج تو میسر آجاتا تھا۔ اب تو وہ بھی میسر نہیں آتا۔ رہی بات کال کی تو ہم غریب لوگ اگر غلطی سے زائد بیلنس لوڈ کروا بھی لیں ناں تو چور کمپنیاں سارا بیلنس ہڑپ کر جاتی ہیں۔ اللہ پوچھے گا ان سے۔ مجھے سو روپے کا انعام ملا وہ بھی ہڑپ کر گئے یہ بدتمیز لوگ، ذرا سا بھی خیال نہیں۔ آپ ٹھہریں مہنگی کمپنی کی سم استعمال کرنے والی۔ ہم سے اتنا بیلنس نہیں ڈلوایا جاتا بابا۔ ارے بھئی موبلنک کی سم خرید لیں ناں سو روپے کی آئے گی، یوں سو سو روپے میں زونگ والوں کو صدقہ دیا کرتی تھی (بیلنس جو کھاجاتے ہیں)۔ اب بس بہت ہوگیا اس لیے میں نے بیلنس لوڈ کروانا بند کردیا۔ نصیب سے کوئی صبا مل گئی اور وہ اللہ کے نام پر مجھے تحفے میں لوڈ کروادے تو کیا ہی بات ہے۔  یا تو میری آپ سے مودبانہ گزارش ہے کہ خدارا آپ واٹس ایپ پر تشریف لاکر واٹس ایپ یوزر میں اضافہ فرمادیں۔ میں آپ سے ڈھیر ساری باتیں کروں کیوں کہ مجھے آپ کی بہت یاد آتی ہے۔

خیر چھوڑیں اس فضول بکواس کو کام کی بات پر آتی ہوں۔ میں جانتی ہوں آپ بھی مجھے بہت یاد کرتی ہیں۔ لاک ڈاؤن میں آپ میرے لیے بہت پریشان تھیں، جب میں رابطہ نہیں کر پارہی تھی آپ کو لگ رہا تھا ناں کہ میں کرونا کی لپیٹ میں آکر اللہ کو پیاری ہوگئی ہوں؟ مگر میں آپ کی دعاؤں کے حصار میں تھی، دھرتی سے بوجھ کم نہ ہونے دیا۔ سچی مجھے آپ کا یہ پرواہ کرنا بہت اچھا لگا تھا۔

پھر بہت وقت بعد میں نے بمشکل کال کی، مگر ادھوری بات ہی ہوپائی اور آپ کے مہنگے نیٹورک کی وجہ سے میری چور کمپنی والوں نے بیلنس ختم کردیا۔ یوں بھی نہ سوچا استاذہ اور شاگردہ بات کررہی ہیں تو مداخلت نہ کی جائے مگر ان کو گفتگو کے آداب کون سکھائے؟ 

آپ کو یہ کہنا چاہ رہی تھی کہ میں مدرسے نہیں آپارہی کچھ مشکلات ہیں تو کچھ میری اپنی سستی بھی۔ دعا کیجیے گا کہ اللہ کوئی سبیل بنادے تو میں عید کے بعد ضرور واپس آؤں گی۔ اور ہاں تفسیر کی باقی بچیوں اور آنٹیوں کا سبق سورۃ انفال تک پہنچ جائے تو مجھے دعوت نامہ ضرور بھیج دیجیے گا تاکہ میرے دل میں حسد پیدا ہو اور میں واپس اپنی تشریف کا ٹوکرا مدرسے میں لے آؤں اور واپس باقاعدہ آپ کو اپنی معلمہ ہونے کا اعزاز بخش دوں۔

جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ آپ کی دو طالبات کی ڈولی اٹھ چکی ہے۔ اب خدارا آپ سے میری گزارش یہ ہے کہ آپ اپنے گھر والوں کو کہیں کہ آپ کا شہزادہ جلدی سے تلاش کرلیں، وہ کیا ہے اچھا نہیں لگتا کہ استاذہ کنواری ہو اور تمام شاگردہ منہ اٹھا کر چل دیں، ہم تو توہین سمجھتے ہیں آپ سے پہلے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سمجھ تو گئی ہوں گی۔ 

ارے آپ پوچھ رہیں تھیں ناں کہ تم بعد میں بھی مدرسہ آیا کروگی؟ تو میں نے کہا تھا کہ اگر آپ موجود ہوں گی تو میں ضرور آیا کروں گی۔ پھر آپ نے کہا تھا کہ میں موجود ہوں یا نہ ہوں تم آجایا کرنا۔ بھئی آپ جس دن کلاس میں نہیں آتیں میں بہت بور ہوتی ہوں اس دن یہ سوچ کر کہ سبق کا حرج ہوگا۔ مگر آپ کو بتاتی چلوں کہ میں ایک غیر ذمہ دار لڑکی ہوں جب کہ آپ بہت ذمہ دار ہیں۔ یاد ہیں ناں آپ کتنی ذمہ داری کے ساتھ مجھے سبق پڑھاتی تھیں۔ آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہوتی، جب بھی آپ پڑھاتی ہیں اسماء باجی آپ پر کتنا غصہ ہوتی تھیں۔ ایک بار اسماء باجی نے کہا تھا کہ حفظہ آج تم سبق نہیں پڑھو گی، حنا کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ جب کہ آپ بضد تھیں کہ حفظہ تم پندرہ دن بعد آئی ہو تو تم آج سبق پڑھو گی۔ اس وقت میں فیصلہ نہیں کر پارہی تھی کہ آپ کی بات مانوں یا اسماء باجی کی؟ پھر میں نے آپ کی بات مانی تو اسماء باجی مجھ پر غصہ ہوئیں تھیں اور پھر اسماء باجی نے مجھ سے معذرت بھی کی تھی۔ اللہ اکبر! آپ لوگوں کا اخلاص۔ یہ ہی وجہ ہے کہ میں آپ لوگوں کی طرف کھچی چلی آتی ہوں۔ 

جب میں مدرسہ آئی تو تین چار ماہ بعد ہی تفسیر شروع کرواکر آپ غائب ہوگئیں تھیں۔ اتنے کم وقت میں اتنی انسیت ہوگئی تھی کہ ہم بہت دعائیں کررہے تھے کہ آپ واپس آجائیں۔ بہت وقت گزرجانے کے بعد اسی انسیت کی وجہ سے ہم چاہتے ہوئے بھی دوسرے مدرسے نہیں جارہے تھے۔ بس نہ چاہتے ہوئے بھی اپنا مقصد (تفسیر پڑھنے کے لیے) پورا کرنے کے لیے ہم نے ارادہ کیا کہ اگر اس دن تک باجی نہ آئیں تو ہم دوسرے مدرسے جائیں گے۔ ساتھ دعا بھی کی۔ اسی دوران اسماء باجی نے ہمیں بتایا کہ حنا آئے گی۔ اور ہم تینوں کو تفسیر اسماء باجی نے دوبارہ جاری کروائی تھی۔ بس یہ تفسیر مجھے مکمل کرنی ہے ہر صورت۔ آپ میرے لیے دعا کیجیے گا بہت زیادہ کیوں کہ مجھے دعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔ مدرسے کی تمام باجیوں خصوصا اسماء باجی، تبسم باجی اور بڑی باجی کو میرا سلام۔

اپنا خیال رکھیے گا۔ اللہ آپ کو اپنے امان میں رکھے۔آمین


             والسلام

             اللہ حافظ

فقط آپ کی نالائق طالبہ

              حفظہ 

یہ بھی پڑھیں

4 تبصرے

Comment for more information please let me know and send an email on hajisyedahmed123@gmail.com Thanks

  1. بہت مزیدار خط🤭 یقیناً حنا باجی کو بھی یہ خط پڑھ کر بہت مزہ آئے گا😂

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بالکل! وہ میری ہر تحریر سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ 😍

      حذف کریں
  2. آج کل تحریر مجھ سے پڑھی نہیں جا رہی تھی لیکن اس کہانی کی وجہ سے لطف اندوز ہوئی ہوں۔

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں

Comment for more information please let me know and send an email on hajisyedahmed123@gmail.com Thanks

جدید تر اس سے پرانی